صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم عاشور پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اورظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیاء ، امتِ مسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ امام نے شدید دباؤ ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا،امام حسینؓ نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے ، آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا، امام حسینؓ اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کیلئے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے، آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کےلیے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہہ رہے ہیں۔