اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سکائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت سیز فائر متعدد ممالک کی مؤثر سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اس سلسلے میں خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور قطر نے بھی سیز فائر کے لیے اہم کردار ادا کیا، جبکہ امریکی صدر کی ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت تاحال پاکستان کو پانی کی فراہمی بند نہیں کر سکا کیونکہ اس کے پاس اس کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔ پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
پہلگام واقعے پر پاکستان نے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، تاہم بھارت نے بغیر ثبوت الزامات عائد کیے، جنہیں وہ آج تک ثابت نہیں کر سکا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود پہلگام واقعہ ہونا بھارت کی سیکیورٹی ناکامی ہے۔ بھارتی انٹیلی جنس مکمل طور پر ناکام ہوئی اور بھارت اس واقعے کو پاکستان سے جوڑنے میں بری طرح ناکام رہا۔
انہوں نے بتایا کہ سیز فائر کے بعد ڈی جی ایم اوز کے درمیان پہلا رابطہ ہو چکا ہے، اور پاکستان اس وقت مغربی سرحدوں پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور آج ملک میں کسی دہشت گرد گروہ کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات نے سیز فائر کو پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ عسکری و سفارتی حکمت عملی کی کامیابی قرار دیا، اور کہا کہ بھارت کو بھاری نقصان ہوا ہے جبکہ وہ مزید کشیدگی جھیلنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی فتح روز روشن کی طرح عیاں ہے۔