اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میں شدت پسند ہندوتوا نظریہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے صدر مملکت سے ملاقات کی اور انہیں عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے وطن سے وفاداری کا ثبوت دینا ہوگا اور ملک کی ترقی کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ترقی کی بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں، خاص طور پر زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہمیں زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی اور کسانوں کو سہولیات فراہم کرکے معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے بھارت میں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں، کے ساتھ ہونے والے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا پر مبنی انتہا پسندانہ سوچ نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔