فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ’معرکۂ حق‘ میں شکست کے بعد اب اپنی مذموم سازشوں کے لیے پراکسی وار کو بڑھا رہا ہے، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار 16ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب میں کیا ۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کی ناگزیر اہمیت کو قومی یکجہتی و استحکام کے لیے لازمی قرار دیا ۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی کھلم کھلا سرپرستی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناکام کوشش ہے جو بلوچستان کے عوام کی گہری حب الوطنی کو نشانہ بنانے کے لیے کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ’معرکۂ حق‘ میں شکست کے بعد اب اپنی مذموم سازشوں کے لیے پراکسی وار کو بڑھا رہا ہے، اس ضمن میں انہوں نے ’فتنۃ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہندوستان‘ کو بھارت کی ہائبرڈ وار کے مہرے قرار دیا ۔
آرمی چیف نے کہا کہ ان گروہوں کا بھی ان شااللہ وہی انجام ہوگا جو معرکۂ حق میں ان کے پیش روؤں کا ہوا ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دے کر کہا کہ دہشت گرد کسی مذہب، مسلک یا قومیت کی حدود کے پابند نہیں ہوتے، اس لیے ان کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی اور اجتماعی عزم ناگزیر ہے ۔
انہوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف اداروں کے مابین مؤثر ہم آہنگی اور قومی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا تاکہ صوبے کی ترقی اور ملکی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے ۔
فیلڈ مارشل نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی یا بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاک فوج ہر دم تیار ہے تاکہ قومی وقار کا تحفظ اور عوام کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے ۔