اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، اب ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا نجی شعبے خصوصاً ہاؤسنگ کا معیشت میں اہم کردار ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی آمدنی میں ہر ماہ اضافہ ہورہا ہے اور ہم اس پائیدار نکتے پر پہنچنے والے ہیں جہاں ہم یہ بات کرسکیں گے کہ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں اس بنیاد کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ کرنسی کی بات کی جائے تو ایک موقع پر زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2 ہفتے کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل تھے جو کہ اب ڈھائی ماہ کی درآمدی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نومبر میں مہنگائی بڑھنے کی شرح پچھلے 78 ماہ کی کم ترین سطح 4.9 فیصد پر آگئی ہے جبکہ شرح سود 13 فیصد سے نیچے آگئی ہے۔