ایرانی حکام نےاسرائیل کے میزائل حملے کی تردید کردی ہے
ایرانی حکام کی جانب سے اسرائیل کے میزائل حملے کی تردید سامنے آگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کے مطابق اصفہان شہر میں کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا، دھماکے کی آوازیں اصفہان میں مشکوک شے کو نشانہ بنانے کی تھیں۔ اپنے بیان میں ایرانی سینئر کمانڈر کا کہنا تھا کہ رات کے وقت ہونے والے حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اس حوالے سے ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کے ترجمان حسین دلیریان نےبات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصفہان کی فضا میں 3 ڈرون تباہ کردیے گئے ہیں، ابھی میزائل حملے کی کوئی اطلاع نہیں۔یاد رہے کہ امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے ایران میں اہداف پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی طرف سے ایران کے شہر اصفہان پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایران میں متعدد ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا ہے، مغربی ایران سے گزرنے والے مسافر طیاروں کارخ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گزشتہ روز ایران کے ساتھ سخت ترین کشیدگی میں تحمل سے کام لینے سے متعلق عالمی دباؤ مسترد کر دیا تھا۔نیتن یاہو نےاسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے برطانوی اور جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا ہے کہ اپنے دفاع کیلئے اسرائیل جو ضروری ہوگا وہ کرے گا، دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ مگر اپنے فیصلے اسرائیل خود کرے گا۔اس سے قبل ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اسرائیل کے فضائی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔