خیبرپختونخوا سے منتخب ہونے والے11 میں سے 8 اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نو منتخب سینیٹرز سے ان کے عہدوں کا حلف لیا، تین نو منتخب سینیٹرز مراد سعید ،اعظم سواتی اور روبینہ ناز نے حلف نہیں اٹھایا ۔
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا، اجلاس میں خیبرپختونخوا سے 11 میں سے 8 نومنتخب اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھالیا ۔
طلحہ محمود، روبینہ خالد، فیصل جاوید، نورالحق قادری، مرزا محمد آفریدی، دلاور خان اور عطا الحق اور نیاز احمد نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں ۔
جبکہ خیبرپختونخوا سے حال ہی میں سینیٹ الیکشن میں منتخب ہونے والے تین نو منتخب سینیٹرز مراد سعید ،اعظم سواتی اور روبینہ ناز نے حلف نہیں اٹھایا ۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد پیش کی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے بھی نومنتخب اراکین سینیٹ کو مبارکباد دی ۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کے قتل کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسا جرم کسی رسم یا روایت کے پردے میں نہیں چھپایا جا سکتا، قانون سب پر برابر لاگو ہونا چاہیے ۔
ایوان نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کے قتل پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ۔