پاکستانی ورکرز کیلئے خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریاں فراہم کرنے کے لیے باضابطہ کوٹہ منظور کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اٹلی نے پاکستان کو آئندہ تین سال کیلئے نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کر دیا ہے۔ اس کوٹے کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی شہری روزگار کیلئے اٹلی جا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال 1 ہزار 500 سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریاں مختلف شعبوں میں دی جائیں گی، جن میں شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت شامل ہیں۔
وزارت کے مطابق پاکستانیوں کو ویلڈنگ، ٹیکنیشن، شیف، ویٹر، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن اور کاشتکاری جیسے شعبوں میں ملازمت کے مواقع ملیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یورپ کے کسی ملک نے پاکستان کیلئے اس نوعیت کا باقاعدہ کوٹہ مختص کیا ہے، جس سے اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریاں ایک اہم پیش رفت بن گئی ہیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس فیصلے کو تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملک کے سفیر ہیں بلکہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریاں یورپ کے دیگر ممالک کیلئے بھی ایک مثبت مثال ثابت ہوں گی اور جلد مزید یورپی ممالک پاکستانی ورک فورس کیلئے اپنے دروازے کھولیں گے۔

