بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق جہاں ایک طرف بھارتی میڈیا سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہے وہاں دوسری جانب پاکستان کی ایک مخصوص سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا بھی زہر اگل رہا ہے ۔
دفاعی ماہرین نے کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹی وی چینلز نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی خبر عالمی سطح پر کالعدم قرار دی گئی دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بریک کی ۔
بھارتی ٹی وی چینلز حسبِ روایت مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنی ویڈیوز، پرانی ویڈیوز اور تصاویر کا سہارا لے کر پروپیگنڈا کرتے رہے، جعفر ایکسپریس پر حملے کی جعلی ویڈیو بھارتی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کی گئیں ۔
ایک جعلی ویڈیو 2022 کی ایک فلم کے سین کا حصہ ہے، جسے جعفرایکسپریس حملے سے ملایا جارہا تھا، بھارتی میڈیا کے اس بے بنیاد پروپیگنڈے میں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ مخصوص سیاسی جماعت سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں ۔
مخصوص سیاسی جماعت بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ریسکیو آپریشن میں مصروف افواجِ پاکستان کے خلاف زہر اُگل رہے ہیں ۔
دفاعی ماہرین کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملہ کی خبر کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بریک ہوئی، جسے پی ٹی آئی اور بھارتی اکاؤنٹس نے پھیلایا ۔
مخصوص سیاسی جماعت سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اُس کی عبارت بی ایل اے اور ’را‘ کے آلہ کار لکھ رہے ہیں ۔
پاکستان مخالف طاغوتی قوتیں غیر ملکی آقاؤں کے ہاتھوں استعمال ہو کر ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرکے اپنے ہی ملک کی منفی تصویر کشی کر رہی ہیں ۔