لکی مروت: ضلع لکی مروت کے علاقے عباسہ خٹک میں دہشت گردوں نے مقامی امن کمیٹی کے سرکردہ رکن کے گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کے اہم رکن ہمایوں خان زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے امن کمیٹی کے سرکردہ رکن ہمایوں خان کے گھر کو نشانہ بنایا۔ حملے میں راکٹ لانچر کا استعمال کیا گیا جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ہمایوں خان زخمی ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد امن کمیٹی کے رضاکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے باعث حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم فرار ہوتے وقت دہشت گردوں نے دور سے عباسہ خٹک پولیس چوکی پر بھی فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق خوش قسمتی سے پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم امن کمیٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

