بلوچ یکجہتی کونسل کی سرخیل ماہ رنگ بلوچ نے اسلام آباد دھرنے میں ایران میں ہلاک دہشتگردوں کے لواحقین کی موجودگی کا اعتراف کر لیا اور یوں ان کا ریاست مخالف پروپیگنڈہ بے نقاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دشمن ایک عرصے سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کر کے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون ماہ رنگ بلوچ بلوچوں کے حقوق اور مظلومیت کالبادہ اوڑھ کر اسلام آباد میں دھرنا دئیے بیٹھی ہیں۔
ماہ رنگ بلوچ کی تازہ ترین ویڈیو میں ان کی جانب سے کہا گیا کہ آپ سب کو اس بات کا اندازہ ہے کہ ایران میں جولوگ مارے گئے ہیں ان کے لواحقین دھرنے میں موجود ہیں۔
ماہ رنگ بلوچ کا یہ بیان اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشتگرد ایران میں روپوش ہیں جہاں سے پاکستان کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچ یکجہتی کونسل کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ عبدالغفار لانگو کی بیٹی ہے جو بی ایل کا سرغنہ اور ریاستی اداروں پر لاتعداد حملوں میں ملوث تھا، ماہ رنگ بلوچ نے نہ صرف ریاستی وظیفے پر تعلیم حاصل کی بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد سے اب تک وہ سرکاری تنخوا کے ساتھ ساتھ متعدد مراعات سے بھی استفادہ حاصل کر رہی ہیں۔