وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے بعض اضلاع کے لیے اپنا گھر اپنی چھت منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جس کے پاس اپنی چھت ہوتی ہے اس کو قدر کم ہوتی ہے، جن کے پاس اپنی چھت نہیں ہے اس سے قدر جانیں۔
انھوں نے کہا کہ آپ کے پاس دنیا کی سب نعمتیں ہوں اپنی چھت نہ ہو تو وہ کمی محسوس ہوتی ہے جس کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس شہری علاقے میں ایک سے 5 مرلہ اور دیہی علاقوں میں دس مرلے کی زمین ہے تو حکومت پنجاب آپ کو 15 لاکھ روپے آسان اقساط پر بلاسود قرضہ دے گی جس کی ماہانہ قسط 14 ہزار ہوگی۔
وزيراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلے تین مہینے ایک روپیہ نہیں دینا پڑے گا، اس کے بعد 14 ہزار روپے ماہانہ قسط دینی پڑے گی۔ پنجاب حکومت سود ادا کرے گی ، لوگوں کو کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کم آمدنی والے کیسے گزارہ کرتے ہیں، بجلی کے بلز میں بھی پینتالیس سے پچاس ارب کا ریلف دے رہے ہیں، اگلے سال سے تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام لے کر آرہے ہیں تاکہ اگلے سال سے بل ہی نہ دینا پڑے
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس کے لئےایک نمبر دیا گیا ہے، پی آئی ٹی بی کے پورٹل پر بھی اپلائی کرسکتے ہیں، آپ کے پاس زمین کا ٹکرا ہے تو اپنے علاقے کے ڈی سی اور کمشنر آفس سے بھی معلومات لے سکتے ہیں، ہم نے کوشش کی ہے کہ اس کی قسط کرائے سے کم رکھیں، ہم گھر بھی بنانے جارہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ سکیمز عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے، ابھی یہ سکیم کچھ اضلاع میں ہے، تاہم میرا ارادہ ہے کہ اگلے پانچ سال تک پورے پنجاب میں اس کو پھیلائیں گے، تمام ڈی سیز کو بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر چیز میں آگے آگے ہے، لوگوں کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں، میں ہر روز سولہ گھنٹے کام کررہی ہوں، نہ میں خود آرام سے بیٹھتی ہوں نہ سرکاری افسر کو آرام سے بیٹھنے دیتی ہوں۔