بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے بازار پر حملہ کردیا، دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ اور دھماکوں میں لڑکا جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے،سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
مستونگ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق دہشت گردوں نے مستونگ کے 3 بینکوں پر بھی حملہ کیا جبکہ بینک کی عمارت سمیت متعدد سرکاری گاڑیوں اور املاک کو نذر آتش کردیا جبکہ واقعے کے بعد بازار بند ہوگیا ۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا جس پر دہشتگرد پسپا ہوگئے، تاہم سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا جس کے نتیجے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے ۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے ۔