اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب سے داخل ہونے والی مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے جبکہ مون سون سسٹم کے باعث آزاد کشمیر کے کچھ مقامات میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ژوب، بارکھان، لورالائی، سبی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کوہلو میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپور خاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 41، تخت بائی میں 10، بالاکوٹ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔