ذرائع کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر ایک اہم کارروائی میں، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر کو ملک سے فرار ہونے سے پہلے ہی پکڑ لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن سیل کی کارروائی کے نتیجے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت محمد نبی اور امین اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں اہم شخصیت محمد نبی کو عمان جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔کارروائی کے دوران نبی کے موبائل فون سے متعدد جعلی ویزا اسٹیکرز قبضے میں لیے گئے۔
گرفتار ملزم ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل مردان میں درج متعدد مقدمات میں ملوث ہے، اس پر جھوٹے بہانوں سے غیر مشتبہ متاثرین سے بڑی رقم بٹورنے کا الزام ہے۔پشاور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن اہلکاروں کی تیز رفتار کارروائی نے نبی کو فرار ہونے سے روک دیا اور قانونی کارروائی کے لیے کمپوزٹ سرکل مردان منتقلی کو یقینی بنایا۔دریں اثنا، ایک اور ملزم امین اللہ کو اٹلی کے جعلی رہائشی کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ امین اللہ نے جعلی دستاویز ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے حاصل کی جو دستاویز میں جعلسازی میں مہارت رکھتا ہے۔امین اللہ کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔