میاں چنوں :قومی ہیرو اور پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اپنے گھر پہنچنے سے پہلے ہی گلی محلوں میں عوام کا سیلاب امڈ آیا اور اپنے ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچاور کیں ،اور مٹھائیاں بھی بانٹیں۔
اپنے گھر پہنچنے پر قومی ہیرو اپنی ماں سے ملے تو اپنے جذبات پر قابو نہ پاسکے اور آنکھیں نم ہو گئیں ۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان اور فیڈریشن کا شکرگزار ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ توڑنے پر خوش ہوں،لوگوں نے مجھے اتنا پیار دیا، بے حد مشکور ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا کہ پیرس اولمپکس کیلئے رات دن محنت کروانے والے کوچ کا بھی مشکورہوں۔
قومی ہیرو کا مزید کہنا تھا کہ والدین اور قوم کی دعاوں سے اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا، جس کے باعث میں یہ گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ آئندہ بھی پاکستان کیلئے جیتنے کی کوششیں کروں گا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ سب نے اتنا پیار دیا،بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ نیرج چوپڑا بھی میرے بھائیوں کی طرح ہیں۔
قومی ہیرو نے اس موقع پر حکومت کا سہولیات دینے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں وزیر اعظم کا لگایا ہوا پودا ہوں اس لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے میڈیا کوریج پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یوتھ فیسٹیول میں دلجمعی کے ساتھ شرکت کی تھی۔ اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر بے حد خوشی ہے، میں آئندہ آنے والے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔