اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ایک بھائی مفاہمت جبکہ دوسرا بھائی 9 مئی کا راگ الاپ رہا ہے، نواز شریف مفاہمت کی بات کر کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، دوسری طرف شہباز شریف اپنے حامی وزراء کے ذریعے 9 مئی پر معافی کے بیانات دلوا رہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کو مفاہمت میں جبکہ شہباز شریف کو سیاسی تناؤ میں خیر نظر آ رہی ہے، شہباز شریف کسی صورت نواز شریف کو وزیراعظم نہیں بننے دے رہے، نوازشریف کے سیاسی مفاہمت کے بیانیہ کو شہباز شریف اپنے وزراء کے ذریعے دبا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کی کوشش ہو رہی ہے، نواز اور شہباز کی دوریاں خاصی بڑھ چکی ہیں، کئی ماہ بعد آپس میں ملے، ملاقات میں شہباز شریف کے چہرے پر کوفت کے تاثرات بالکل واضح تھے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کو عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے، دونوں بھائی ذاتی اور سیاسی مفاد کی خاطر لڑ رہے ہیں، آصف زرداری بھائیوں کی لڑائی میں ڈگڈگی بجانے والے کا کردار ادا کر رہا ہے۔