ملک بھر میں چینی کی قیمت میں اضافے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چینی کی نئی قیمت مقرر کر دی گئی، اسلام آباد میں چینی کی فی کلو قیمت 172 جبکہ خیبر پختونخوا میں 165 روپے مقرر کی گئی ہے ۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں محکمہ خوراک نے ایکس مل ریٹ پر چینی کی فروخت کی ہدایات جاری کر دیں،محکمہ خوراک نے ایکس مل ریٹ پر چینی کی فروخت کا اعلامیہ جاری کر دیا ۔
اعلامیہ کے مطابق چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، ہر ماہ 2 روپے اضافے کے ساتھ 15 اکتوبر تک چینی کی نئی قیمتیں لاگو ہوں گی ۔
اکتوبر تک چینی کی زیادہ سے زیادہ ایکس مل قیمت 171 روپے تک جائے گی ۔
دوسری جانب اسلام آباد میں چینی کی ریٹیل پرائس 172 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی جبکہ چینی ایکس مل ریٹ پر 165 روپے فی کلو بیچی جائے گی، پرائس کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی ہوگی ۔
ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کر دیے گئے ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ چینی کی ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، شہری چینی خریدتے وقت قیمت ریٹ لسٹ کے مطابق ہی ادا کریں اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کی نشاندہی بھی کریں ۔