شنگھائی تعاون تنظیم کا کنونشن سینٹر اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ افتتاحی سیشن سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف جناح کنونشن سینٹر ، اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے 23 ویں اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن، تاجکستان کے وزیراعظم خیر رسول زادہ، کرغزستان کے وزیراعظم زاپاروف اکیل بیگ، بیلا روس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو، قازقستان کے وزیراعظم اولڑاس بینکتینوف، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ اور ازبکستان کے وزیراعظم عبد اللہ ارپیوف شریک ہیں۔ ایران کے نائب صدر محمد عارف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی ایس سی او کانفرنس میں شریک ہیں جبکہ منگولیا مبصر ملک کے طور پر شریک ہے جس کی نمائندگی منگولین وزیراعظم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کے افتتاحی خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا انعقاد پاکستان کےلیے اعزاز ہے، ایس سی او ممالک دنیاکی آبادی کا 40 فیصد ہیں، پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے، معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اجلاس رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا موقع فراہم کرے گا ، ہمیں اجتماعی دانش کو بروئے کارلاتے ہوئے آگے بڑھناہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، تجارتی روابط کے فروغ کیلئے کاوشیں ضروری ہیں۔
ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔