اسلام آباد: اپوزیشن کے 5 ارکان نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران اپوزیشن اراکین نے کئی شکایات کیں ۔
چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ ملاقات چیف جسٹس کی درخواست پر کی گئی جس میں چیف جسٹس نے عدالتی ریفارمز کے حوالے سے ہم سے دس نکاتی ایجنڈا شیئر کیا، ہم اپنے تجاویز چیف جسٹس آف پاکستان کو دینگے ، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کے بارے میں بات ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹر اور بچوں کے ساتھ ٹیلیفون کی رسائی پر بھی بات ہوئی، ہم نے پی ٹی آئی لیڈران اور کارکنان پر ایف آئی آرز کی بھی بات کی ۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ملاقات سے پہلے 3 بار بانی پی ٹی آئی سے اجازت لی،ہم بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بعد ملاقات کیلئےآئے،بانی نے کہا تھا ملٹری کورٹ کے حوالے سے بھی بات کرنا،چیف جسٹس پاکستان کوانصاف کےفراہمی میں حائل مسائل بتائے ۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے بڑی طویل میٹنگ ہوئی ہے، ہمارے ہر رکن نے میٹنگ میں اپنی بات کی، چیف جسٹس نے اس بات کو سراہا کہ ہمارے وفد میں ٹاپ کے وکلاء موجود تھے ، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سےملاقات میں اپناموقف رکھا ۔