پاکستان کی معیشت میں مثبت پیش رفت جاری ہے، جس کی واضح مثال خدمات کی برآمدات میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں خدمات کی برآمدات میں 7.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہتری اور حکومتی سطح پر کیے جانے والے مربوط اقدامات اس کامیابی کی اہم وجوہات ہیں۔ نومبر 2024 میں خدمات کی درآمدات میں 13 فیصد کمی بھی ان کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نے 170 ممالک کو آئی ٹی خدمات فراہم کرتے ہوئے فری لانسرز کی عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
فری لانسرز فریم ورک کے تحت بینک اکاؤنٹس کھولنے میں آسانی اور مالیاتی مسائل کے حل کے لیے حکومت نے جامع حکمت عملی اپنائی ہے، جس کے تحت آئی ٹی برآمدات کا آئندہ پانچ سال میں 15 بلین ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں یہ اضافہ خدماتی شعبے میں مثبت رجحانات کا مظہر ہے، جو ملک کی مجموعی تجارتی کارکردگی میں بہتری کا سبب بن رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی اور دیگر حکومتی ادارے ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔