پشاور (شوبز ڈیسک) خیبر ٹیلی ویژن پشاور نے یوم فضائیہ کے موقع پر ایک یادگار خصوصی پروگرام نشر کیا، جو پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ یہ دن 7 ستمبر 1965 کی اس تاریخی یاد کو تازہ کرتا ہے جب پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے بھارتی فضائیہ کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا تھا۔
یہ خصوصی پروگرام پشاور فلائنگ کلب میں ریکارڈ کیا گیا، جس کی میزبانی معروف شخصیت اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ جمشید علی خان نے کی۔ پروگرام میں پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران، ایک خاتون انسٹرکٹر اور قومی ایئر لائنز سے ریٹائرڈ بیگم جمشید جنت بی بی نے شرکت کی اور اپنی یادداشتیں اور تجربات ناظرین کے ساتھ شیئر کیے۔
طلبا و طالبات بھی اس پروگرام کا حصہ بنے۔ گفتگو کے دوران طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں پاک آرمی اور فضائیہ کو جوائن کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ پروگرام کے دوران جمشید علی خان نے پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا تفصیلی ذکر کیا اور ان کی عظمت کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ خصوصی نشریات خیبر ٹی وی پشاور کی ایک منفرد پیشکش تھی، جو قوم کے نوجوانوں کو جذبہ حب الوطنی اور قومی خدمت کے لیے مزید متحرک کرنے کا باعث بنی۔