پاکستان نے قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی قطر پر بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر اجلاس طلبی کی درخواست کی گئی ہے ۔
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی قطر کے خلاف بلاشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے ۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست اس لیے دی گئی ہے کہ تاکہ صورتحال پر غور کیا جا سکے اور اس سنگین معاملے پر غوروفکر کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور پختہ حمایت کا اظہار کرتا ہے ۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کرکے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا،حماس کے مطابق حملے میں مرکزی قیادت محفوظ رہی تاہم سینیئر رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوگئے ۔