مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں افسوسناک واقعے میں بے گناہ سیاحوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں نا معلوم افراد کے حملے میں دو غیر ملکیوں سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ سیاحتی مقام پہلگام کے ٹورسٹ ریزورٹ میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چار افراد جنگل سے نمودار ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی اور واپس جنگل میں روپوش ہوگئے۔
واقعے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی دورہ سعودی عرب مختصر کرکے واپس بھارت پہنچ گئے، وزیر داخلہ امت شاہ نے حملے کے مقام کا دورہ کیا ۔ سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر، اٹلی کی وزیراعظم اور دیگر عالمی رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو واقعے پر بریفنگ دی گئی۔
بھارتی میڈیا بغیر تحقیق پاکستان پر الزام تراشی میں مصروف ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کردیا۔