وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں ڈرون کی دراندازیوں کے بعد بھارت کو جواب دینا یقینی ہوگیا ہے ،پاکستان جواب میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے بمشکل کوئی گنجائش باقی رہ گئی ہےکیونکہ اب یہ لڑائی ایک بند گلی میں داخل ہورہی ہے ۔
خواجہ آصف نے آج ہونے والے بھارتی ڈرون حملوں میں کسی بھی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کسی بھی فوجی تنصیبات یا فضائی دفاعی نظام کو بھارتی ڈرونز سے نقصان نہیں پہنچا ۔
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے ۔