صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ معاشرے میں کسی قسم کے تشدد ،انتہاپسندی اور استحصال کی گنجائش نہیں، قومی وحدت اور سالمیت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر قائم ہے ۔
اسلام آباد: ایوان صدر اسلام آباد میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مساوات، آزادی اور وقار پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہے ۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کے اہم کردار کے معترف ہیں، اسلام ، امن ،انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں کا داعی ہے ، ریاست مدینہ کے جذبے کے تحت قائداعظم محمد علی جناح نے ریاستی پالیسی کے ذریعے ہماری رہنمائی کی ۔
صدر مملکت نے بین المذاہب پالیسی کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کی طرف یہ ایک اہم اقدام ہے، ہم سب کو مل کر وطن عزیز کو مضبوط اورمستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔
تقریب سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی سمیتدہگر نے بھی خطاب کیا ۔
تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے اقلیتی رہنماؤں کے ہمراہ کیک کاٹا، شرکاء نے اس عزم کااظہار کیا کہ اتحاد اور اتفاق سےوطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے ۔