ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اجتماعی تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے.
مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود ہلالِ امتیاز (ملٹری) کو مکہ اتحاد برائے دفاع کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور برادر ملک سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
تینوں ممالک نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے اپنے مستقل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

