ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی دراصل امن کی جیت ہے، اور یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ نہیں بلکہ امن کو ترجیح دی ہے۔
یہ بات انہوں نے سیلانی آئی ٹی پروگرام کراچی کے طلباء سے خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر طلباء نے ان کا پُرجوش استقبال کیا اور ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی، اطلاعاتی جنگ، اور خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق مختلف سوالات کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا "آپ لوگ معلومات کی جنگ میں پاکستان کے ہراول دستے ہیں۔ آپ کی سوچ، جذبہ اور سچائی پر مبنی موقف ملک کے دفاع میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر خطے میں امن اور توازن کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی افواج کو منظم، پیشہ ور، اور آئینی دائرہ کار میں رہ کر فرائض انجام دینے والی افواج قرار دیا۔ ان کے مطابق، مسلح افواج ریاست کے احکامات کے تابع ہیں اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
طلباء نے گفتگو میں واضح پیغام دیا کہ"ہم وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، پاک افواج ہماری پہچان ہیں، اور ہم عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔”