وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کامیابی سے بڑھ کر کچھ نہیں ، پاکستان نے روایتی جنگ میں بھارت کو شکست دی، دنیا اس کامیابی پر دنگ رہ گئی اور آج تک ہماری کامیابی کے تذکرے ہو رہے ہیں، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ، انہوں نے ہدایت کی نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ائیر فورس نےکمال کردیا اور پوری قوم متحد ہوگئی، اس بہترین کارکردگی پر اللہ نے عزت بخشی ۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے نقصانات میں کمی لائی گئی ہے، لاہور ریلوے اسٹیشن پر انقلابی تبدیلی دیکھ کر دلی خوشی ہوئی، ریلوے ٹکٹنگ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، سب وزارتوں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی ۔
وزیراعظم نےکہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ امریکہ کامیاب رہا ، انھوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف ساری دنیا کے سامنے رکھا، غزہ میں جو ظلم ہو رہا ہے وہ دیکھا نہیں جارہا، پاکستان غزہ کے مظلوموں کے لیے امداد بھجوا رہا ہے ، مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح ہے ۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے نقصانات ہوئے جو کہ پہاڑی علاقوں میں زیادہ ہوئے اس کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اجلاس کے دوران انہوں نے قدرتی آفات میں مرنے والوں کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی ۔
ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، آئی پی پیز سے بات چیت کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور اربوں روپے کا فائدہ ہوا ۔