پشاور ہائیکورٹ میں صوبے کے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں کمی سے متعلق سماعت ہوئی۔جس پر عدالت نے صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا ۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے بعد ایکٹ میں ترمیم کی۔ ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کم کئے گئے ۔
بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ ترمیم بلدیاتی الیکشن سے پہلے ہونی چاہیے تھی لیکن پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت نے الیکشن کے بعد ترمیم کی، الیکشن کے بعد ترمیم کرنا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کیس میں نگران حکومت نے جواب جمع کیا ہے، موجودہ حکومت نے جواب جمع نہیں کیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ترمیم کے حوالے سے صوبائی حکومت کی درخواست گزاروں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے ہم جواب بھی جمع کریں گے،عدالت نے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔