پشاور: شہر میں غیر قانونی پٹرول پمپس، تجاوزات اور رکشہ سٹینڈز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جس کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی پٹرول پمپس، جو حفاظتی انتظامات سے عاری ہیں اور غیر معیاری مصنوعات فروخت کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں تجاوزات اور رکشہ سٹینڈز کو بھی سیل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
سی ٹی او سعود خان نے کہا کہ پشاور میں بڑھتے ہوئے غیر قانونی پٹرول پمپس نہ صرف شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ان پمپس پر فروخت ہونے والی مصنوعات بھی غیر معیاری ہوتی ہیں۔ ان پمپس پر حفاظتی تدابیر کی کمی ہے، جس کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ان غیر قانونی پمپس کے مالکان کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور انہیں سات دنوں کے اندر کاروبار بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے بعد ان پمپس کو سیل کر دیا جائے گا اور مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
سی ٹی او سعود خان نے کہا کہ یہ آپریشن صرف سپلائی روڈ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ شہر بھر میں اس کارروائی کو پھیلایا جائے گا تاکہ تمام غیر قانونی پٹرول پمپس، تجاوزات اور رکشہ سٹینڈز کو بند کیا جا سکے۔