خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کارکنوں کی خواہشات کے مطابق پولیس افسران کی تعیناتی ہونے کی تیاریاں ہونے لگیں، پاکستان تحریک انصاف کارکنوں کے تحفظات پر پولیس آفیسر خان زیب کی بطور ڈی پی او صوابی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا ۔
اس حوالے سے آئی جی پی خیبرپختونخوا کے دفتر سے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے پی ایس پی آفیسر خان زیب کو 27 جون کو ضلع صوابی کا ضلعی پولیس آفیسر تعینات کیا گیا تھا ، وفاقی حکومت نے خان زیب کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کی تھیں ۔
خیبرپختونخوا پولیس نے ڈی پی او صوابی کی تعیناتی کا حکم واپس لینے کے فیصلے پر مؤقف دینے سے گریز کیا ہے ،تاہم ذرائع بتاتے ہیں کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور کی جانب سے آئی جی کو نوٹی فکیشن واپس لینے کی ہدایت کی گئی تھی ۔
دوسری جانب صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ خان زیب نے ماضی میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے خلاف سخت کارروائیاں کی تھیں ۔
ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ خان زیب کی صوابی میں تعیناتی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو تحفظات تھے، ان تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے فوری نوٹس لیا اور ان کی تعیناتی معطل کردی گئی ۔