نئے مالی سال کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج زبردست تیزی کے نتیجے میں ایک نیا سنگ میل عبور ہوگیا ، وزیراعظم شہبازشریف نے سٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیامالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں ایک اہم پیشرفت سے شروع ہوا ۔
نئے مالی سال 26۔2025کے پہلے ہی دن بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز شان دار تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب آیا اور انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا ۔
منگل کے روز پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز پر 757 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ ہوئی، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 26 ہزار 384 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پو پہنچ گیا ۔
بعد ازاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور مجموعی طور پر انڈیکس میں 2404 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ہونے سے انڈیکس ایک لاکھ 28ہزار 31 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا اظہار اطمینان: ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج کے بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیامالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں ایک اہم پیشرفت سے شروع ہوا ۔
سٹاک ایکسچینج کی صورتحال پر وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ 100انڈیکس کابلند ترین سطح پرپہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے، پچھلے مالی سال معاشی پالیسیوں کی وجہ سےمعیشت نے بہترین ریکوری دکھائی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ نیامالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفرمیں ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔