وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے مالی سال کے پہلے ہی مہینے میں پاکستان کی برآمدات 2.7 ارب ڈالرز تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہےکہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں اور ترجیحات کی بدولت معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں ۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیےکوشاں ہے ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جولائی 2024 تا جولائی 2025 کے دوران برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا، جو انتہائی خوش آئند ہے، صرف ایک ماہ میں برآمدات میں 9 فیصد اضافہ انتہائی تسلی بخش ہے، برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، ملک سے برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیےکوشاں ہیں، فیس لیس کسٹم اسسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے پورٹ آپریشنز میں مزید بہتری لارہے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ جی ڈی پی میں ٹیکس کلیکشن کے تناسب میں اضافہ حکومت کے لیے قابل اطمینان ہے، عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاس ہے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلے مالی سال میں ترسیلات زر کی مد میں 34.9 ارب ڈالرز موصول ہوئے جو کہ مالی سال 24-2023 کے مقابلے 28.8 فیصد زائد ہیں،بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔