راولپنڈی: اڈیالہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماوں کی ملاقات نہ کروانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے ۔
جیل حکام کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے سینٹرل جیل راولپنڈی میں ملاقاتیں معمول کے مطابق اور باقاعدگی سےکروائی جا رہی ہیں ،ملاقاتیں نہ کروانے کے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
جیل حکام نے میڈیا کوریج اور خبروں کی سرخیوں میں رہنے کے لیے گمراہ کن اور اس نوعیت کی بے بنیاد خبروں کی بھر پور تردید کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ سینٹرل جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے فیملی ممبرز، وکلا کی ملاقات کے علاوہ عمران خان کی بیرون ملک مقیم بیٹوں سے واٹس اپ پر بات چیت کروائی گئی ۔
جیل حکام کے مطابق فیملی ممبرز مہر النسا، مبشرہ شیخ کی بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی جب کہ بانی پی ٹی آئی کی بچوں قاسم خان، سلیمان خان سے واٹس اپ کال پر بات کرائی گئی ۔
جبکہ عمران خان سے بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر علی خان، ظہیر عباس ایڈوکیٹ، مبشر مقصود ایڈوکیٹ، رضیہ سلطان ایڈوکیٹ اور علی عمران ایڈوکیٹ کی ملاقات کرائی گئی ۔