راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس آخری مرحلے میں داخل ہوگیا، اس کیس میں استغاثہ کے تمام 20 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔ کیس کے آخری دو گواہوں کے بیانات پر وکلاء صفائی 24 ستمبر کو جرح کریں گے۔
اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی اور سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر مقدمے کے آخری دونوں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جن میں نیب افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد پرویز شامل ہیں۔
اس مقدمے میں استغاثہ کے گواہان کی شہادت مکمل ہوچکی ہے اور مزید گواہ شامل نہیں کیے جائیں گے۔ کیس میں مجموعی طور پر 20 گواہان کی شہادت قلمبند کی جاچکی ہے جبکہ 18 گواہان کے بیانات پر جرح بھی مکمل ہوچکی ہے۔ وکلاء صفائی دونوں گواہوں کے بیانات پر جرح 24 ستمبر کو کریں گے۔