لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید پر فردِ جرم عائد کردی۔ عدالت نے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ اور شاد مان پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ 9 مئی مقدمات میں فردِ جرم ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد میں ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 130 سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ میاں محمود الرشید لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 169 سے الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ اعجاز چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست گزشتہ ماہ 14 جنوری کو خارج کردی گئی تھی۔