چارسدہ کی سیاست میں ایک حیران کن پیش رفت ہوئی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی نے این اے 24 اور 25 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق آفتاب شیر پاؤ کے مقابلے میں اے این پی کے امیدوار دستبردار ہو گئے ہیں جبکہ ای این پی کے ایمل ولی خان کے مقابلے میں قومی وطن پارٹی کا امیدوار بھی دستبردار ہو گیا۔
قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی خود مختاری کے لئے دونوں پارٹیوں نے قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کے مطابق این اے 24 پر اے این پی کے امیدوار عرفان عالم قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب شیر پاؤ کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں جبکہ این اے 25 پر قومی وطن پارٹی کے امید وار قیصر جمال اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے حق میں دستبردار ہوئے۔ پریس کانفرنس میں دستبردار ہونے والے امیدواران بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں دونوں قائدین نے کہاکہ اس انتخابی اتحاد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور مستقبل میں بھی مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونوں کے حقوق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اٹھارویں ترمیم سمیت دیگر ایشوز پر بھی مل جل کر کام کریں گے۔