خیبر نیٹ ورک کی معروف اینکر شبانہ المعروف سپنا خان ، ان کے شوہر لیاقت علی اور 3 بچوں کے ایصال ثواب کیلئے اسلام آباد سینٹر میں قرآن خوانی کی گئی، اس موقع پر خیبر نیٹ ورک کے اعلیٰ افسران اور دیگر کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔
اسلام آباد: گلگت بلتستان کے بابوسر ٹاپ پر سیلابی صورتحال میں اپنے شوہر لیاقت علی اور 3 بچوں سمیت لاپتہ ہونے والی خیبر نیٹ ورک کی معروف اینگر شبانہ لیاقت المعروف سپنا خان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔
اس موقع پر خیبر نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کامران حامد راجہ، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد حامد راجہ ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیوان حامد راجہ اور مختلف شعبوں کے افسران اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
سپنا خان اور ان کی فیملی کے حادثے میں انتقال پر خیبر نیٹ ورک کی انتظامیہ اور کارکن غمزدہ ہیں اور سپنا خان کے خاندان سے اظہار افسوس بھی کیا ۔
واضح رہے کہ سپنا خان گزشتہ کئی عرصہ سے خیبر فیملی کا حصہ تھیں، اپنی خوش اخلاقی، نرم مزاجی اور اپنی محنت کی وجہ سے وہ ہمیشہ انتظامیہ اور کارکنوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی ۔
سپنا خان کا خیبر فیملی کے ساتھ سفر بہت طویل تھا، انہوں نے کئی یادگار ڈراموں میں کام کیا، کئی مارننگ شوز کی میزبانی کی، ان کا ’’ روغ صحت ‘‘ پروگرام کئی عرصہ تک عوام میں مقبول رہا ۔