پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد کے مطابق یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول 6 ستمبر بروز ہفتہ ہوگی ۔
کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
علاوہ ازیں، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے، لاہور میں ڈی جی اوقاف خالد محمود سندھو کی زیر صدارت اجلاس کے دوران، مولانا اسحاق ساقی نے دعا کرائی، دعا میں خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔
بعد ازاں، ربیع الاول کے چاند کے حوالے سے حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول 6 ستمبر بروز ہفتہ ہوگی ۔