خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 بھارتی سپانسرڈ خوارج مارے گئے،کارروائیاں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور ضلع خیبر میں کی گئی ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا اور دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا،اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ٹانک میں کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ تیسری کارروائی خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے بھارتی سپانسرڈ 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگرد ان علاقوں میں عام افراد اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ۔