سه ملکی ون ڈے سیریز کے ایک اور اہم میچ میں پاکستان نے ایک وکٹ سے انگلینڈ کو شکست دے دی، شاداب خان کی جارحانہ اور شاندار بیٹنگ کی وجہ سے قومی ٹیم نے ہارا ہوا میچ جیت لیا اور انگلینڈ کو شکست دی، لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کا 242 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں پورا کیا اور سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا، ناٹ آوٹ 113 رنز بنانے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 241 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس میں بین ڈکٹ نے شاندار 105 رنز بنائے ، سیم کرن 42 اور گس اٹکنسن 36 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان کی طرف سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں لیں اور ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 150 وکٹیں پورا کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔

242 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدا اچھی نہیں تھی، فخر زمان، صائم ایوب اور بابر اعظم بہت جلدی آؤٹ ہو چکے تھے، سعد بیگ 32 اور سلمان آغا 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جس سے پاکستان کو ہدف حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
تاہم آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور 113 جارحانہ میچ وننگ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔
شاداب خان نے 96 گیندوں پر 5چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دئیے گئے، شاداب خان کے ساتھ وکٹ پر حارث رؤف نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز بنائے تھے، جس میں حارث رؤف کے قیمتی 7 رنز بھی شامل تھے ۔

پاکستان نے 48 ویں اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا اور انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، جس کے ساتھ پاکستان نے سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ۔

