پشاور : ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان کی ہدایات پر تھانہ بڈھ بیر کی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔ ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر عاکف انجم کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فقیر آباد چوکی، ماشو پیکے، زنگلی نہر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک رائفل، ایک بندوق، ایک پستول، میگزین اور مختلف بور کے متعدد کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان برہان، تعلیم خان، ربنواز، حارث خان اور امجد خان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔
ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل ظفر خان کی نگرانی میں پولیس کا یہ کریک ڈاؤن پشاور میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور اس سے شہریوں میں اطمینان کا احساس بڑھا ہے۔