پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے افغان وزیر خارجہ مولوی امیر متقی سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے ہائی لیول روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کیلئے پاکستانی نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کابل میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر متقی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور اعلیٰ سطحی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اسلام آباد اور کابل کے درمیان روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔
محمد صادق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ہدایت پر 3 روزہ دورے پر کابل میں موجود ہیں، جہاں وہ افغان حکام کے ساتھ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی نمائندہ خصوصی 21 سے 23 مارچ تک کابل کے سرکاری دورے پر ہیں اور اس دوران افغان عبوری حکومت کے حکام سے سفارتی روابط اور مختلف امور پر بات چیت کریں گے ۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداری طورخم بارڈر 20 دن سے زائد عرصہ بند رہنے کے بعد گزشتہ روز کھول دی گئی تھی، جس سے پیدل آمدورفت کا بھی آج سے آغاز ہوگیا ہے ۔
یاد رہےکہ قبائلی جرگے نے متنازع تعمیرات بند کرنے اور طورخم تجارتی گزرگاہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا، افغان جرگہ نے 17 مارچ تک سرحد کھولنے کی مہلت مانگی تھی ۔