پاکستان میں جاری سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ، زمبابوے کے 147 رنز کا ہدف سری لنکا نے 17ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے میچ جیت لیا، سری لنکا کے اوپنر پتھوم نسانکا نے شاندار بیٹنگ کی اور ناقابل شکست 98 رنز بنا کر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، کپتان سکندر رضا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور مہیش نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، سری لنکن بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے جاری ایونٹ کا پہلا میچ جیت لیا ۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر نسانکا شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
سری لنکا کے کوسال مینڈس 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور کامل مشرا 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
ایونٹ کا ایک اور اہم میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا، اگر سری لنکا یہ میچ جیت جاتا ہے تو ہفتہ کو فائنل میں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا ۔

