جب جنگ کے انداز بدل جائیں اور میدانِ کارزار گولیوں سے زیادہ خیالات، احساسات اور تاثر کی جنگ میں تبدیل ہو جائے، تب صرف بندوقیں نہیں بلکہ بیانیے بھی اہم ہو جاتے ہیں ۔ پاکستان جیسے ملک میں، جہاں بیرونی پروپیگنڈا، اندرونی بے چینی اور سیاسی تقسیم ایک دوسرے سے گتھی ہوئی حقیقتیں ہیں، وہاں محض ردعمل پر مبنی ابلاغ کافی نہیں ۔ ریاست کو اب ایک ایسا بیانیہ تشکیل دینا ہوگا جو صرف قوت کا اظہار نہ کرے بلکہ سچ، شعور، امید اور شمولیت پر مبنی ہو ۔
آئی ایس پی آر برسوں سے وطن کے دفاع، شہداء کی قربانیوں اور قومی جذبے کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہا ہے ۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس بیانیے میں وہ گہرائی، وہ وسعت، اور وہ انسان دوستی شامل ہے جو آج کے پاکستان کی ضرورت ہے؟ کیا ہم نے ان لوگوں کی داستانیں سنائی ہیں جو روزانہ خاموشی سے اپنی چھوٹی چھوٹی فتوحات سے یہ ملک بچا رہے ہیں؟ مثال کے طور پر، ایک بیوہ جو وزیرستان میں دھمکیوں کے باوجود بچیوں کو تعلیم دیتی ہے، ایک نوجوان جو بلوچستان میں بیرون ملک سکالرشپ چھوڑ کر زیتون کی کاشت کو اپنا مشن بناتا ہے، یا خیبر پختونخوا کے کسی طالبعلم کی وہ کوشش جو موسم کی سختیوں سے نبرد آزما ہونے والا ایک نیا گندم کا بیج ایجاد کرتا ہے ، یہ سب لوگ خاموش مجاہد ہیں، مگر ان کی آواز کہاں ہے؟
ہمیں ایک نئے طرز کی ابلاغی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے ، ایسی جو نہ صرف معلومات دے بلکہ معنویت پیدا کرے، جو صرف سنائے نہیں بلکہ سمجھائے، جو صرف مدافعت نہ کرے بلکہ مرہم بھی رکھے ۔ یہ تزویراتی حکمتِ عملی پر مبنی ابلاغ صرف نعرہ نہیں بلکہ ایک سائنسی، فکری اور سماجی بیانیہ ہے جو قوموں کو جوڑتا ہے، دشمن کی ذہنی یلغار کو بے اثر کرتا ہے اور ناامیدی کے اندھیروں میں روشنی کی ایک لکیر کھینچتا ہے ۔
پاکستان کے نوجوان، اساتذہ، فنکار، خواتین، اقلیتیں اور وہ تمام لوگ جو شاید ریاستی زبان نہ بولتے ہوں، مگر اس دھرتی سے سچی محبت رکھتے ہیں، انہیں بیانیے کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔ ریاست کو اب محض ایک مؤقف سنانے کے بجائے مکالمے کی راہ اپنانی ہوگی ۔ مکالمہ وہ ذریعہ ہے جو اعتماد بحال کرتا ہے، غلط فہمیوں کو مٹاتا ہے اور دلوں کو قریب لاتا ہے ۔
امن کا بیانیہ صرف گولیوں کے خاموش ہونے کا نام نہیں، بلکہ ان خوابوں کے بولنے کا نام ہے جو برسوں سے دلوں میں دفن ہیں ۔ ہمیں ان کہانیوں کو تلاش کرنا ہوگا جو بندوق کے مقابلے میں قلم، نفرت کے مقابلے میں علم، اور مایوسی کے مقابلے میں عمل کو فوقیت دیتی ہیں ۔ یہی وہ بیانیہ ہوگا جو دشمن کی تخریبی سازشوں کو بے اثر کرے گا، اور ہمارے نوجوانوں کو انتہا پسندی کے بجائے تخلیق کی طرف راغب کرے گا ۔
اگر فوجی ادارے اپنے نظم و ضبط، وسائل اور مؤثر رسائی کو آزاد اور مخلص لکھنے والوں، محققین، اور ترقیاتی کہانیوں کے ماہرین کے ساتھ مربوط کریں تو پاکستان میں نہ صرف ایک نیا قومی بیانیہ تشکیل پا سکتا ہے بلکہ ایک ایسا ماڈل جنم لے سکتا ہے جو دنیا کے لیے مثال بنے ۔
اب وقت ہے کہ ہم صرف دفاع نہ کریں بلکہ وہ امن بھی تخلیق کریں جس کا دفاع کرنے کے قابل بنا جا سکے ۔