پنجاب کے مختلف شہروں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے 166 انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشنز سرگودھا، راولپنڈی، پاکپتن، گجرات، چکوال، بہاولپور، بہاولنگر اور فیصل آباد میں کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ میانوالی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک خطرناک دہشت گرد بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، پمفلٹ اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حیدر سلطان، ولی رحمان، زبیر، امین، اکبر، مقصود خان، عمیر، ظفر اقبال، ابراہیم قاسمی، محب اللہ اور صدام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے برکی سے گرفتار کیے گئے خودکش بمبار شمس اللہ نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق شمس اللہ کو افغانستان میں خودکش حملوں کی تربیت دی گئی تھی۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد کالعدم تنظیم جماعت الحرار کے کمانڈر سلیمان اور قاسم خراسانی نے اسے چمن کے راستے پاکستان بھیجا۔ قاسم خراسانی پولیس لائنز پشاور اور لاہور میں پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا ماسٹرمائنڈ ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق شمس اللہ کو دورانِ تربیت نشے کا عادی بھی بنایا گیا۔ سہولت کار علی نے شمس اللہ کو لاہور میں تین روز تک قیام کروایا اور اسے خودکش جیکٹ فراہم کی۔ سہولت کار علی کی گرفتاری کے لیے بھی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے برکی سے سی ٹی ڈی نے خودکش بمبار شمس اللہ کو گرفتار کیا تھا۔