ٹانک میں بدامنی کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے، مظاہرین نے ٹانک ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا ہوا ہے، مظاہرین نے ضلع بھر میں مرکزی شاہراہیں، بازار زبردستی بند کر دئیے ہیں، احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کی جرگہ مشران کے ساتھ مذاکرات کے کئی دور ہوئے جو ناکام ہوئے ہیں، جرگہ شرکا نے کہا ہے کہ جرگہ مشران عسکری حکام کی یقین دہانی سے مطمئن نہیں ہیں، زبانی جمع خرچ نہیں انتظامیہ ہم سے معاہدہ کرے، ٹھوس یقین دہانی نہ ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ اس سے پہلے بھی کئی بار انتظامیہ کیساتھ مذاکرات ہوئے ہیں، جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے نہ اپنی سرزمین پر طالبانائزیشن کو اور برداشت کریں گے اور نہ ہی اپنی سرزمین پر آپریشن کرنے کی اجازت دیں گے، امن او امان کی خراب صورت حال کی ذمہ دار ادارے خود ہیں۔