بلوچستان کے شہر ہرنائی میں گاڑی کے قریب دھماکے میں 11 مزدور جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں گاڑی کے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ لیویز کا کہنا ہے کہ دھماکا کوئلے میں کام کرنیوالے مزدوروں کی گاڑی کے قریب ہوا، جاں بحق اور زخمی تمام افراد مزدور ہیں۔لیویز کے مطابق ہرنائی دھماکے میں جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو زخمی مزدوروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں، بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہرگ، ہرنائی دھماکے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔