Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اپوزیشن کے 6 جماعتی اتحاد نے تحریک تحفظ آئین کا اعلان کر دیا

اپوزیشن کے 6 جماعتی اتحاد نے تحریک تحفظ آئین کا اعلان کر دیا،  6 جماعتی اپوزيشن اتحاد کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق 6 اپوزیشن جماعتوں نے آئین کی بالادستی کیلئے ‘ تحریک تحفظ آئین’   کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد میں  پاکستان تحریک انصاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ، جماعت اسلامی ،بلوچستان نیشنل پارٹی ،سنی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین شامل ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی تحریک کے صدر ہوں گے۔

کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب خان نے کہا  کہ 6  جماعتوں کی لیڈر شپ یہاں موجود ہے، ہم فارم 47 والی حکومت کو رد کرتے ہیں۔

عمر ایوب خان کا کہناتھا کہ آج 13 اپریل کو پشین اور چمن میں دو جلسے کیے جائیں گے تاہم مقامی حکومت نے پشین میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محمود خان اچکزئی تحریک کے صدر ہوں گے، ہم جلسوں کے ساتھ ساتھ بار ایسوسی ایشن اور یونیورسٹیز کے نوجوانوں سے میٹنگ کریں گے۔

پشتون خواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم میں سے کوئی فوج کے خلاف نہیں ہے ، ہمارا اختلاف ان کے سیاسی رول سے ہے، ہم میں سے کسی نے آئین کو نہیں توڑا ،ہم آئین کی حفاظت کرتےہیں ، آئین کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام کو دیوار سے لگادیا ہے ان کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے ، ہمیں اجلاس کے اعلامیہ سے اتفاق ہے،لیکن ہم اپنی شوریٰ کے اجلاس کے بعد اپنا مؤقف سامنے رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.